شہید سیف الرحمٰن گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گلگت کی اگست 2026 کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری
September 5, 2026Press Release
آج وزیر صحت گلگت بلتستان اقبال حسن نے سیکریٹری صحت سیدہ رملہ علی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر سلیم الدین ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محمد اقبال اور ڈی ایچ او گلگت ڈاکٹر افضل سراج کے ہمراہ شہید سیف الرحمٰن گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گلگت کا تفصیلی دورہ کیا۔
ہسپتال آمد پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر فرمان اللہ اور ڈی ایم صاحبان نے معزز مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ادارے میں جاری طبی سہولیات، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
دورے کے دوران وزیر صحت اقبال حسن نے شہید سیف الرحمٰن گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ایم آر آئی مشین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ایم آر آئی کی سہولت کی فراہمی سے گلگت بلتستان کے عوام کو جدید تشخیصی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی اور پیچیدہ امراض کی بروقت تشخیص میں مدد ملے گی۔
وزیر صحت اور دیگر معزز حکام نے ہسپتال میں ای پی ائ سنٹر میں بچوں کو پولیو ویکسین پلاکر پولیو مہم کا افتتاح کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے سے ملاقات کی اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، علاج معالجے اور دیگر انتظامات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کی گئیں۔
وزیر صحت نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید سیف الرحمٰن گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گلگت گلگت بلتستان کا ایک اہم اور بڑا تدریسی و علاج گاہی ادارہ ہے، جہاں خطے کے مختلف اضلاع سے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے درکار اسٹاف، طبی سہولیات اور دیگر ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو مزید بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے مریضوں کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔
جاری کردہ۔ ترجمان شہید سیف الرحمٰن گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال



